امن تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم
ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے‘ ذمہ داران کی جلد نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انوارالحق کاکڑ کا پشاور میں دھماکے پر ردعمل
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دھماکے میں زخمی بچوں کو بہترین طبّی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آج صبح ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکہ ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ ’دھماکہ بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے‘، اسی حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ ’ورسک روڈ دھماکے کے 6 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان ہیں، جن میں دو زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے‘۔
ایس پی ورسک ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’دھماکہ صبح 9 بج کر 10 منٹ ہوا، اس میں دھماکے میں 4 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا، بارودی مواد سڑک کنارے سیمنٹ بلاک میں چھپایا گیا تھا، اس کا ٹارگٹ کون تھا اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم اس دھماکے میں تین بچے زخمی ہوئے ہیں، دھماکے میں بھتے کے عناصر کو بھی دیکھا جا رہا ہے اور پولیس نے ارد گرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔
Comments
Post a Comment